سموگ کی صورتحال کے انچارج وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سموگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ حکومت نے سموگ کے باعث لاہور ڈویژن، گوجرانوالہ، حافظ آباد میں ماحولیاتی اور صحت کی ایمرجنسی نافذ کر دی۔
نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور ڈویژن، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، تعلیمی ادارے، سرکاری و نجی دفاتر، سینما، پارکس اور ریسٹورنٹس ہفتے کے روز بند رہیں گے، بازار بھی ہفتے کے روز بند رہیں گے۔ .
محسن نقوی نے کہا کہ سموگ کسی بھی لحاظ سے اچھی چیز نہیں، اس سے بچاؤ اور تدارک ضروری ہے، سموگ کی وجہ سے بچے اور بوڑھے افراد سانس اور آنکھوں کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اب تک 4 لاکھ 19 ہزار دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان کیے ہیں، لاہور کے تمام پیٹرول پمپس کا معیار بھی چیک کیا جائے گا، مارکیٹ میں الیکٹرک بائیک متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر 400 کلومیٹر کے علاقے میں پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔