اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسے، جلوس، ریلیاں اور دھرنوں پر 10 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ فیصلہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے اور ممکنہ کشیدہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش، عوامی اجتماعات، ریلیوں اور دھرنوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ اذان اور خطبے کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، حکومت نے یہ اقدام اس وقت اٹھایا ہے جب تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے آج اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔گزشتہ روز بھی لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹی ایل پی کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے واقعات پیش آئے تھے، جس کے بعد انتظامیہ نے سیکیورٹی سخت کر دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کو کسی بھی وقت سیل کیا جا سکتا ہے، جبکہ موبائل فون سروس معطل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔