اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں د ئیے گئے عشائیہ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی جماعتوں کے سربراہان چھوٹے صوبے سے نگراں وزیراعظم کے انتخاب پر متفق ہوگئے۔نگراں وزیراعظم کے انتخاب کے سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عشائیہ دیا گیا، عشائیہ میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی۔
اس موقع پر خواجہ آصف، اسد محمود، سینیٹر اسحاق ڈار، اختر مینگل، اسلم بھوتانی، امیر حیدر ہوتی، آفتاب شیر پاؤ، محسن داوڑ نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔
مولانا فضل الرحمان نے نگراں وزیراعظم کی تقرری کا معاملہ وزیراعظم پر چھوڑ دیا، پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم یا کابینہ کے لیے کوئی نام نہیں دیں گے۔
ذرائع کے مطابق سردار اختر مینگل نے تجویز دی کہ وزیراعظم کو نگراں ہونا چاہیے کیئر ٹیکر ہونا چاہیے انڈرٹیکر نہیں
عشائیہ میں تمام رہنماؤں نے چھوٹے صوبے سے نگران وزیراعظم کے انتخاب پر اتفاق کیا، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نگراں وزیراعظم کا انتخاب بلوچستان یا خیبرپختونخوا سے کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عشائیہ میں شرکت کرنے پر اتحادی جماعتوں کے تمام رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔