اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)کینیڈا کے شہر Vancouver میں پولیس نے سمندر میں ایک سنسنی خیز کارروائی کرتے ہوئے چلتی کشتی پر دھاوا بول کر ایک خاتون کو مبینہ تشدد سے بچا لیا اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔
Vancouver Police Department کے مطابق جمعرات کی صبح Point Grey کے ساحلی علاقے کے قریب پانی میں ایک کشتی کا تعاقب کیا گیا۔ پولیس کو اطلاع اس وقت ملی جب کشتی میں موجود ایک خاتون نے فون کر کے بتایا کہ اس پر مبینہ طور پر حملہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ان کی مرکزی کشتی نے ایک خصوصی حربہ استعمال کرتے ہوئے کشتی کے قریب پہنچ کر اسے قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران ہنگامی کارروائی کرنے والی ٹیم کے اہلکاروں نے Burrard Inlet میں چلتی ہوئی بارہ میٹر لمبی کشتی پر چھلانگ لگا کر اس پر قبضہ کر لیا۔
کشتی پر سوار ہونے کے بعد پولیس کی ہنگامی ٹیم نے اسلحہ برآمد کیا اور ایک مبینہ طور پر پرتشدد مرد مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ خاتون کو بحفاظت نکال کر ریسکیو کیا گیا جبکہ کشتی کو واپس وینکوور لے جایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کے خلاف خاتون پر حملے اور زبردستی قید میں رکھنے کے الزامات کے تحت مقدمہ تیار کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی انتہائی مشکل حالات میں انجام دی گئی کیونکہ اس وقت سمندر میں تقریباً ایک اعشاریہ آٹھ میٹر تک اونچی لہریں اور پندرہ ناٹ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ محکمے کی نئی مرکزی کشتی R.G. McBeath V.C. کی موجودگی نے اس خطرناک آپریشن کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔