اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)شہر کی کونسل نے شہر کے دو مصروف ترین ڈاؤن ٹاؤن راستوں پر مخصوص بس اور اسٹریٹ کار لینز کی منظوری دے دی ہے۔
بدھ کے روز سٹی ہال میں طویل بحث کے بعد کونسل نے 5 کے مقابلے میں 18 اور 3 کے مقابلے میں 20 ووٹوں سے اس منصوبے کے حق میں فیصلہ دیا۔ منصوبے کے تحت باتھرسٹ اور ڈفرن اسٹریٹس پر بلیور اسٹریٹ ویسٹ سے لے کر لیک شور بولیوارڈ تک ٹرانزٹ پرائیوریٹی لینز بنائی جائیں گی۔
ابتدائی منصوبے میں ان لینز کو ایگلنٹن ایونیو تک توسیع دینے کی تجویز تھی، تاہم رہائشی اور کاروباری حلقوں کی مخالفت کے بعد دائرہ محدود کر دیا گیا۔
ڈفرن اسٹریٹ پر کنارے کی موجودہ لینز کو ترجیحی بس لینز میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ باتھرسٹ اسٹریٹ پر درمیان کی لینز کو اسٹریٹ کار کے لیے مخصوص کیا جائے گا۔
ان اقدامات پر تقریباً 80 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت باتھرسٹ پر 277 پارکنگ اسپیسز اور 21 پے اینڈ ڈسپلے مشینیں، جبکہ ڈفرن پر 75 پارکنگ اسپیسز اور 10 مشینیں ختم کر دی جائیں گی۔
شہر کے عملے کے مطابق روزانہ 15,000 سے زائد افراد 511 باتھرسٹ اسٹریٹ کار جبکہ 40,000 سے زائد مسافر 29 ڈفرن اور 929 ڈفرن ایکسپریس بسیں استعمال کرتے ہیں۔ مجوزہ تبدیلیوں سے ان راستوں پر ٹرانزٹ کا وقت بالترتیب 13 اور 29 فیصد بہتر ہونے کی توقع ہے۔
میئر اولیویا چو کا کہنا تھا کہ مخصوص بس لینز کا مطلب ہے تیز، بہتر اور زیادہ قابلِ بھروسہ سروس۔
تاہم کچھ کونسلرز نے منصوبے کی مخالفت کی۔ کونسلر اسٹیفن ہالیڈے نے کہا، "آپ تمام ٹریفک کو دو کے بجائے ایک لین میں ڈال کر یہ توقع نہیں رکھ سکتے کہ وہاں رش نہ ہو۔”
کونسلر جون برنسائیڈ نے کہا، "یہ منصوبے سکاربرو میں بہتر کام کرتے ہیں، جہاں موڑنے والی سڑکیں کم ہیں۔”
کونسلر بریڈ بریڈفورڈ نے لینز کو 1 مئی 2026 سے 31 جولائی 2026 تک عارضی کرنے کی قرارداد پیش کی، مگر یہ 6 کے مقابلے میں 17 ووٹوں سے مسترد ہو گئی۔ انہوں نے کہا، "میرے خیال میں سڑک پر پینٹ کرنا وہ قسم کا بنیادی ڈھانچہ نہیں، جس کی لوگ فیفا ورلڈ کپ کے لیے توقع رکھتے ہیں۔”
شہری عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ لینز کی تنصیب کے بعد اگلے دو سال تک سہ ماہی بنیادوں پر رپورٹ دی جائے۔
نئی لینز کی تعمیر خزاں میں شروع ہونے کی توقع ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ 2026 کے فیفا ورلڈ کپ سے قبل مکمل کر لیا جائے گا، جب چھ میچوں کے لیے تقریباً 3 لاکھ شائقین شہر میں متوقع ہیں۔