اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی مختصر فوجی جھڑپ میں سات نئے اور خوبصورت جنگی طیارے تباہ ہوئے تھے۔
عالمی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے یہ بیان جاپان میں کاروباری رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران دیا۔ خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کی جانب سے مختلف ممالک پر عائد کیے گئے درآمدی محصولات نے کئی جنگوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگر آپ بھارت اور پاکستان کو دیکھیں تو وہ ایک دوسرے سے لڑنے کے قریب تھے، ان کی مختصر جھڑپ میں سات نئے اور شاندار جہاز تباہ ہو گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس موقع پر انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خبردار کیا تھا کہ اگر دونوں ممالک نے لڑائی جاری رکھی تو امریکا کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے صاف کہہ دیا تھا کہ اگر تم لوگ لڑو گے تو کوئی ڈیل نہیں ہوگی اور 24 گھنٹوں کے اندر اندر معاملہ ختم ہو گیا۔
یاد رہے کہ مئی میں ہونے والی جھڑپ میں پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے گئے ہیں جن میں رافیل بھی شامل تھا، جس کے ثبوت بھی فراہم کیے گئے تھے۔ تاہم بھارت نے طیاروں کی تباہی کے اس دعوے کو تسلیم نہیں کیا۔
ٹرمپ کے اس تازہ بیان نے ایک بار پھر جنوبی ایشیا میں اس واقعے پر بحث کو تازہ کر دیا ہے، تاہم واشنگٹن اور نئی دہلی کی جانب سے اب تک کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔