اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب میں آسمانی بجلی گرنے سے پیش آنے والے حادثے میں متعدد اونٹ ہلاک ہوگئے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے قرب و جوار میں آسمانی بجلی گرنے کے بعد ٹرالر اونٹوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 7 اونٹ ہلاک ہوگئے۔
تباہ شدہ ٹرالر اور مردہ اونٹوں کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔ حادثے کے وقت علاقے میں تیز ہوا اور تیز بارش تھی۔ سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے شہریوں کو طوفانی بارشوں کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت کے متعدد علاقوں میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔
شہریوں کو سفر کے دوران خاص طور پر احتیاط کرنی چاہیے۔نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں درمیانی سے شدید گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ کے بعض علاقوں میں مدینہ کے بلند مقامات پر مزید بارش ہو سکتی ہے۔