اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)نئے سال کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے کمسن بچے اور خواتین سمیت 22 افراد زخمی ہو گئے۔ متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔
نئے سال کے موقع پر کراچی میں پہلا واقعہ صدر میں سینٹ پیٹرک اسکول کے قریب پیش آیا رات گئے تک فائیو سٹار چورنگی، کشمیر کالونی، کھارادر، الآصف اسکوائر، عید گاہ، سومرا گلی اور دیگر علاقوں سے زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا
کراچی پولیس نے سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی گلشن ڈویژن سلیم شاہ کے مطابق پولیس نے ہوائی فائرنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، دو ملزمان کو گلشن اقبال جبکہ ایک کو شارع فیصل سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ .
دوسری جانب ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ سٹی ڈسٹرکٹ میں فائرنگ کرنے والے دو پولیس اہلکاروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہوائی فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہونے والے 8 افراد کو سول ہسپتال، 4 کو جناح جب کہ 10 افراد کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے، پولیس نے 20 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لیے۔