اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں واقع اہم توانائی تنصیب شاہ گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے بعد حکام نے ملک کی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پروازوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔حکام کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں گیس فیلڈ میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جس پر ہنگامی امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قابو پا لیا۔ آگ بجھانے کے عمل کے دوران تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روک لیا گیا۔
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر گیس فیلڈ پر جاری تمام آپریشنز کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تنصیب کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔متعلقہ اداروں نے بتایا ہے کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور حساس تنصیبات کے گرد نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ حکام مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
واضح رہے کہ شاہ گیس فیلڈ متحدہ عرب امارات کی اہم ترین توانائی تنصیبات میں شمار ہوتا ہے، جہاں پیدا ہونے والی گیس ملک کے توانائی نظام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے حملے نہ صرف ملکی توانائی ڈھانچے بلکہ پورے خطے کی سیکیورٹی کے لیے بھی تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔