اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گلبرگ عسکری پلازہ پر حملے اور آتشزدگی کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، عدالت نے شاہ محمود قریشی کی 27 جون تک ضمانت منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے ایڈمن جج عنبر گلا خان نے کی۔
پولیس نے عسکری ٹاور حملے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو جیل سے طلب کرنے کی درخواست دائر کر دی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد گلبرگ عسکری ٹاور حملہ کیس میں ملوث ہیں، تفتیش کے لیے ڈاکٹر یاسمین راشد کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد دیگر مقدمات میں ہر جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر تھیں۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے جناح ہاؤس اور گلبرگ پلازہ میں توڑ پھوڑ کے کیس میں شاہ محمود قریشی کی 3 مقدمات میں 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے تین ایک لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دیا۔ شاہ محمود قریشی کے خلاف سرور روڈ، گلبرگ اور ریس کورس تھانوں میں مقدمہ درج ہے۔