اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی معاشی عدم استحکام کے خلاف ’جیل بھرو تحریک‘، پارٹی رہنما اور کارکن آج لاہور سے گرفتاریاں دیں گے ، پہلے مرحلے میں پارٹی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز سمیت 200 کارکنان گرفتاری دیں گے۔ چیمہ، سینیٹر ولید اقبال، سابق صوبائی وزیر مراد راس بھی گرفتار ہوں گے
اگر حکومت نے گرفتاریوں سے انکار کیا تو پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان مال روڈ چیئرنگ کراس پر دھرنا دیں گے۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب ونگ کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں ’’جیل بھرو تحریک‘‘ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صدر لاہور شیخ امتیاز محمود نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی اور لائحہ عمل طے کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک کے آغاز کے موقع پر گرفتاریاں دینے والے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کے اعزاز میں پارٹی دفتر میں تقریب منعقد کی جائے گی، ڈاکٹر یاسمین راشد رہنماؤں کے ہمراہ چیئرنگ کراس پہنچیں گی
دوسری جانب پنجاب میں نگران حکومت نے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے حکمت عملی طے کرلی ہے جس کے تحت صوبائی دارالحکومت میں سات روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، اہم شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ لاہور کی جیلوں میں گنجائش کی کمی کے باعث گرفتار کارکنوں کو میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کی جیلوں میں منتقل کر نے کا پلان تیارکیا گیا ہے
واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 17 فروری کو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران 22 فروری کو لاہور سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔