اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو چار ہفتوں کے لیے امریکا جانے کی اجازت دے دی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے شہباز گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔ شہباز گل کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب بھی طلب کرلیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں کس قانون کے تحت ڈالا گیا اور کیا صورتحال ہے جو نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ درخواست گزار کا کیس کس زمرے میں لاگو ہوتا ہے؟
وکیل وفاقی حکومت نے بتایا کہ شہباز گل کے خلاف اسلام آباد میں مقدمات درج ہیں اور کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر شہباز گل کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ شہباز گل نے وفاقی حکومت سے نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی ہے اور اس معاملے پر کابینہ کے آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔
سماعت کے دوران تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل عدالت میں پیش ہوئے۔