اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز )پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز گل کو اپنے دفاع کا حق دینا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں عمران خان نے کہا کہ اگر شہباز گل نے کوئی جرم کیا ہے یا کسی قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو یہ ان کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنا دفاع کریں اور اپنی پوزیشن واضح کریں۔
سابق وزیراعظم نے گرفتاری پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ایسی شرمناک حرکتیں کسی جمہوریت میں ہوسکتی ہیں؟ "یہ اغوا ہے گرفتاری نہیں۔ سیاسی کارکنوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا گیا
عمران خان نے کہا کہ حکومت فسطائیت پر اتر آئی ہے اور سیاسی کارکنوں کے خلاف غیر جمہوری اقدام کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے فاشسٹ رویے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام کی طاقت ہمارے ساتھ ہے ہمیں کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کو بغیر کسی وارنٹ گرفتاری کے گرفتار کیا گیا، ان کے ڈرائیور پر تشدد کیا گیا اور ان کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ اگر اس نے کسی قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو وہ اسے جیل بھیج دیں۔ گل کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ اغوا کیا گیا۔