اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جب حکومت سنبھالی تو حالات بہت خراب تھے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے صحبت پور میں مقامی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورا ضلع صحبت پور پانی میں ڈوب گیا، یہاں پانی اور خوراک پہنچانا آسان کام نہیں تھا، میں نے اپنی پوری زندگی میں اتنا بڑا سیلاب نہیں دیکھا، میدانی علاقوں سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی علاقے پانی میں ڈوب گئے
وزیراعظم نے کہا کہ خوف تھا کہ لوگ کیسے ٹھیک ہو کر گھروں کو جائیں گے، جن حالات میں ہم نے حکومت سنبھالی، آئی ایم ایف سے معاہدہ ٹوٹ گیا، حالات بہت خراب تھے، اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی عروج پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے بہت بڑا چیلنج پیدا کیا ہے، سیلاب زدگان کے لیے مزید امداد کی ضرورت ہے، 9 دسمبر کو جنیوا میں ڈونرز کانفرنس ہو رہی ہے، کانفرنس میں برادر ممالک کو شرکت کی دعوت دے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم صحب پور کے اس منصوبے سے سبق سیکھیں گے، سیلاب کے بعد زمینیں بیکار ہوگئیں، اس سے بڑی تباہی اور کیا ہوسکتی ہے، ہم ایک لمحہ ضائع نہیں کریں گے، 10 لاکھ کے قریب گھر بہہ گئے ہیں بحالی کیسے ہوگی یہ سوچ کر رات کو نیند نہیں آتی
وزیراعظم نے بلوچستان میں پنجاب کی طرز پر 12 دانش سکول بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان اور گورنر کی مشاورت سے پورے بلوچستان میں دانش سکول بنائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ آج سے نالج سکول بننا شروع ہو جائیں گے، نالج سکولوں میں ای لائبریری بھی قائم کی جائے گی، یہ تمام 12 نالج سکول سولر انرجی پر چلیں گے۔