اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے داعی ہیں اور پاکستان-بھارت جنگ بندی میں صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کا اہم کردار ہے۔
نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ دنیا بھر میں امن قائم کرنا چاہتے ہیں اور جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں بھی امن کے لیے اپنی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بند کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
قبل ازیں غزہ میں جنگ بندی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سمیت مسلم ممالک کے سربراہان نے امریکی صدر سے ملاقات کی، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی پر زور دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر کا عزم ظاہر کرتا ہے کہ وہ امن کے علمبردار ہیں اور پاک بھارت جنگ روکنے میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ اس دوران امیر قطر نے فوری سیز فائر اور قیدیوں کی رہائی پر زور دیا اور ثالثی کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔ اجلاس سے قبل وزیراعظم نے امیر قطر، اردن کے شاہ عبداللہ اور انڈونیشیا کے صدر سے غزہ کی صورتحال پر مشاورت کی۔
اجلاس کے بعد امریکی صدر نے ملاقات کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں تمام بڑے کھلاڑی موجود تھے اور آئندہ اجلاس میں اسرائیل بھی شریک ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی کے لیے راستہ نکالنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات طے ہوگئی ہے، جو وائٹ ہاؤس میں ہوگی۔ ملاقات میں پاکستان کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔ اس سے قبل امریکی صدر اور وزیراعظم کے درمیان عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے اختتام پر خوشگوار ماحول میں غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی۔