اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ انسدادِ منشیات و غیر قانونی اسمگلنگ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے قومی اور عالمی سطح پر جدوجہد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف عالمی سطح پر عزم کا اظہار ہے۔ اس سال کا تھیم "Breaking the Chain: Prevention and Recovery for All” ہے، جو منشیات کے استعمال اور اس کی پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نیٹ ورکس کو توڑنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ عالمی چیلنج ہے اور اس کا مؤثر حل صرف بین الاقوامی تعاون سے ممکن ہے۔ پاکستان حکومت منشیات کے خلاف جنگ میں مکمل طور پر مصروف ہے اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے ذریعے سخت اقدامات اٹھا رہی ہے۔
تاہم، حکومت کی کوششوں کے ساتھ عوامی، سماجی اور انفرادی سطح پر مکمل تعاون بھی ضروری ہے تاکہ اس لعنت کو اجتماعی جدوجہد کے ذریعے مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔انہوں نے نوجوانوں کو منشیات کے استعمال سے بچانے کے لیے آگاہی مہمات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کے خطرات اور ان کے پیچھے موجود مجرمانہ نیٹ ورکس کے بارے میں تعلیم دینا انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ اس جال سے بچ سکیں۔
وزیرِ اعظم نے منشیات کے شکار افراد کے علاج اور بحالی کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور متاثرہ خاندانوں کے درمیان مربوط حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ منشیات کی آسان دستیابی انسانی المیوں کا سبب بن رہی ہے، جس کے لیے فوری اور جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام ادارے، تنظیمیں اور شہری منشیات کے خلاف جنگ میں اپنا مکمل کردار ادا کریں گے تاکہ ایک محفوظ، صحت مند اور باعزت معاشرہ قائم کیا جا سکے۔