اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل اور سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ماحول کی یقین دہانی کرائی ہے۔
قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے کو لی کی چیانگ سے طویل ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو مکمل طور پر محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اس کے علاوہ وزیراعظم شہبازشریف نے سولرائزیشن پراجیکٹ پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں اور امید ظاہر کی کہ تین سال میں 15 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا ہدف حاصل کیا جائے گا اس سے تعلقات مزید مستحکم ہونگے
چینی وزیر اعظم سے گفتگو میں شہباز شریف نے سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پیش رفت پر پاکستان کی مسلسل توجہ پر زور دیا۔
اس حوالے سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی سٹریٹجک شراکت داری کی بہترین روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرمجوشی اور دوستی کا اظہار کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے بنیادی مفادات اور چین کے ساتھ قریبی تعلقات کے فروغ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم لی نے وزیر اعظم شہباز کو یقین دلایا کہ چین پاکستان کو نہ صرف ایک سٹریٹجک دوست بلکہ ایک ایسے ملک کے طور پر بھی دیکھتا ہے جس کا استحکام اور اقتصادی خوشحالی خطے اور چین کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے چین کی امداد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور 9 جنوری کو جنیوا میں ہونے والی بین الاقوامی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس کے بارے میں بتایا۔