اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریمو اور ان کے بڑے بھائی نواز شریف سے برطانیہ کے دارالحکومت میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور نواز شریف نے باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
قائد مسلم لیگ ن نے زور دیا کہ حکومت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرے اور پہلے سے بوجھ تلے دبے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف لندن میں نواز شریف سے ملاقات اور مرحوم ملکہ الزبتھ دوئم کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے لندن میں موجود ہیں۔
بعد ازاں دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی حکومت کی دعوت پر وزیراعظم اپنے دورہ برطانیہ کے دوران لندن میں ملکہ الزبتھ دوئم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی بھی کریں گے۔
جنازے میں شرکت کے بعد وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔