اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پہلگام سانحہ افسوسناک ، کرکٹ کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے ، بھارتی اقدامات پر شاہد آفریدی کا ردعمل
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے بے بنیاد الزامات پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔شاہد آفریدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے قبل از وقت پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔. افسوس ہے کہ ہندوستان بغیر ثبوت کے پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی جانوں کے ضیاع اور پاکستان میں بڑھتے ہوئے دہشت گردانہ حملوں پر افسوس ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، لڑائی سے کچھ حاصل نہیں ہو سکتا اور کرکٹ کو سیاست کا حصہ نہیں ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔پاکستان نے بھارت کے اقدامات پر بھی زبردستی ردعمل ظاہر کیا ہے، جس میں انڈس واٹر ٹریٹی کی معطلی بھی شامل ہے۔