اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر رانیل وکرماسنگھے سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں پاکستان کی حمایت اور مدد کرنے پر سری لنکا کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے پاکستان کے دوست اور خیر خواہ کا کردار ادا کیا، میں پاکستانی عوام کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دونوں ممالک قریبی اور قابل اعتماد دوست ہیں۔ امید ہے کہ پاکستان اور سری لنکا موجودہ معاشی بحران سے جلد نکل آئیں گے۔
سری لنکا کے صدر نے نیک خواہشات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور جواب میں خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست ہے، دوستوں کی مدد کرنا دوستی ہے۔
سری لنکا کے صدر نے بھی وزیر اعظم شہباز شریف کو آئی ایم ایف معاہدے پر مبارکباد دی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کے موقع پر سری لنکا کے صدر نے زور دیا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کرے کیونکہ سری لنکا کو ڈیفالٹ کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا۔ پاکستان کو اس صورتحال سے بچانا چاہیے۔