اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) نیب نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مصدقہ رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی، جس میں انہیں بے گناہ قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں وزیر اعظم شہباز شریف، سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔
احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین سے نیب کی ضمنی رپورٹ کی تصدیق کا حکم دیا تھا۔
نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا۔ نیب کی ضمنی رپورٹ میں شہباز شریف سمیت دیگر کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔
عدالت نے شریک ملزمان ہارون یوسف، سید طاہر نقوی اور سلمان شہباز کی طلبی سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سماعت کے دوران وکیل امجد پرویز نے کہا کہ نیب کی ضمنی رپورٹ میں ملزمان کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا، اگر شواہد ناکافی ہوئے تو ان ملزمان کو بری کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز، سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر کے دلائل مکمل ہوچکے ہیں، بعد ازاں احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 22 جون تک ملتوی کردی۔ .