اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کی نشاندہی کرکے بھرپور کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی اور وزیراعظم کو بلوچستان کی سیکورٹی اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے بزدلانہ کارروائی تھے جس کا کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھاتے ہوئے دہشت گردوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔
33