اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان آج 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ نور خان ایئر بیس پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا استقبال کریں گے۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر صدر مملکت کو مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
شیخ محمد بن زید النہیان کے ہمراہ شاہی خاندان کے افراد اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کا وفد بھی اسلام آباد پہنچے گا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر کے دورے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں، ریڈ زون اور ایکسپریس ہائی وے پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں 30 جنوری کو عام تعطیل کا اعلان
اسلام آباد پولیس نے عوام کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور سیکیورٹی چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
شیخ محمد بن زید النہیان کے دورے کے دوران جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس محدود رہے گی، آئی جے پی سے سیکرٹریٹ تک سروس صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بند رہے گی۔
راولپنڈی سیکشن میں میٹرو بس سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی، اس کے علاوہ پاکستان فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے بھی وفاقی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں سی ڈی اے، ایس این جی پی ایل، آئیسکو اور اسپتال کے عملے کی چھٹی نہیں ہوگی، ضلعی انتظامیہ اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا عملہ بھی ڈیوٹی پر ہوگا۔