اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی اور سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد زلفقار نائین نے سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اسد قیصر کو تفتیش میں شامل کیا گیا ہے اور ان کا بیان ٹیلی فون کال کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا، تاہم وہ ذاتی طور پر پیش نہیں ہوئے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ دو مرتبہ ان کے پاس تفتیش کے لیے گئے لیکن وہ دستیاب نہیں تھے۔ اس پر عدالت نے ہدایت کی کہ اسد قیصر تفتیشی افسر سے تعاون کریں اور اگلی سماعت تک تفتیش مکمل کریں۔
سماعت کے دوران اسد قیصر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں غیر ملکی سفر کرنا ہے، لہٰذا انہیں مزید وقت درکار ہے۔ عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔
قابل ذکر ہے کہ اسد قیصر کے خلاف سنگجانی میں پولیس اہلکاروں کو گاڑی سے ٹکر مارنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔