اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پنجاب کے کئی شہروں میں سموگ نے زندگی مفلوج کر دی ہے اور فضا انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہو چکی ہے۔ لاہور ایک بار پھر دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں سرفہرست آگیا جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 603 تک پہنچ گیا۔
ماحولیاتی اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال سنگین ہے — علامہ اقبال ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 1059، ڈی ایچ اے میں 1021 جبکہ ساندہ روڈ پر 818 ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح فیصل آباد میں انڈیکس 685، گوجرانوالہ میں 555 اور ملتان میں 364 تک جا پہنچا، جس سے فضا شدید طور پر مضر صحت بن گئی۔
محکمہ ماحولیات نے سموگ پر قابو پانے کے لیے انسدادِ آلودگی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ عوامی مقامات اور شاہراہوں پر ڈرائی سویپنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ سڑکوں پر چونے سے صفائی کرنے پر بھی مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ماسک کا استعمال لازمی کریں اور سموگ سے بچاؤ کے دیگر حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔