اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)کالام، مہوڈنڈ کے علاوہ کالام شہر میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے، برف باری سے موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو برفباری کے دوران محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ادھرصوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی دھند کا راج ہے، موٹروے پولیس نے متعدد موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی، دھند کے باعث مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا
موٹروے ایم 2 اللہ انٹر چینج سے پنڈی بھٹیاں تک اور ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک دھند کے باعث بند ہے، موٹروے ایم 4 ملتان سے فیصل آباد اور ایم 5 موسی والا سے چنی گوٹھ تک بند ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ باؤنڈری 10 سے 5 میٹر ہونے کی وجہ سے موٹر ویز پر ٹریفک روک دی گئی ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آج صبح سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اتوار کی سہ پہر تک ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کے باعث زیارت، قلعہ سیف اللہ، دکی، ہرنائی، ژوب، بارکھان، شیرانی، نوکنڈی، دالبندین میں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ پشین، قلعہ عبداللہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ کے پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جب کہ برف باری سے قومی شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی سسٹم اتوار اور پیر کی درمیانی شب تک بلوچستان کے مختلف علاقوں کو متاثر کرتا رہے گا۔