اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ جعلی خبروں کے ذریعے کل کسی کو نگران وزیراعظم کا تاج پہنایا گیا، اسحاق ڈار کا نام پیپلز پارٹی کو پیش کیا گیا، ہم کسی نام پر متفق نہیں ہوئے، جب نام ہمارے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا تو نام کیسے فائنل ہوا۔
وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ نگرا ن سیٹ اپ کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں ہیں، ابھی تک کسی کا نام ہمارے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا۔
شیری رحمان نے مزید کہا ہے کہ جب مشاورت ہوگی تو نام کا اعلان کیا جائے گا، نگران وزیراعظم کی تقرری کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا، بروقت انتخابات سے بہتری آئے گی، ہمیں الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی توقع ہے، عام انتخابات میں سب کو یکساں مواقع چاہیے، عام آدمی اس وقت کمر توڑ مہنگائی کا شکار ہے، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے سب آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے بار بار چارٹر آف اکانومی مانگا ہے، چارٹر آف اکانومی اس وقت اہم جز ہے، ملک میں سب سے زیادہ متاثرین سیلاب متاثرین اور خواتین ہیں، 25 جون سے بارشوں اور سیلاب سے 131 اموات ہوئیں، خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، ، ہم جلد ہی موسمیاتی تبدیلیوں کا خاتمہ کر دیں گے
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز دبئی میں ہونے والی ملاقات کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھیں، اسحاق ڈار کا نام آج تک شیئر نہیں کیا گیا، دبئی میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی، نگراں وزیراعظم کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں۔
وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے کہ آئین کے مطابق بروقت انتخابات ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات مردم شماری کا شکار نہ ہوں، پیپلز پارٹی انتخابات کے لیے تیار ہے، چاہتے ہیں کہ انتخابات جلد ہوں، لوئر اور اپر چترال کے علاقے حالیہ بارشوں سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔