اردوورلڈکینیڈا ( ویب نیوز )سعودی عرب، ترکی، عراق اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے جب کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روحانی اجتماعات ہوئے، جس میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔
حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے عیدالفطر کے موقع پر قوم سے اپنے خطاب میں لوگوں کو عید کی مبارکباد دی
مسجد کے امام نے عیدالفطر کے خطبہ میں کہا کہ رمضان المبارک نے ہمیں صبر، استقامت کا درس دیا ہے اور اچھے اور برے کی تمیز بتائی اور سمجھایا کہ کسی کا حق نہ چھیڑو
انہوں نے مزید کہا کہ اچھے اخلاق رکھیں اور معاشرے میں بھلائی کا باعث بنیں کیونکہ اتحاد مسلمان کی سب سے بڑی طاقت ہے جب کہ زندگی اللہ کی دی ہوئی امانت ہے اس کا خیال رکھیں، انسانیت زبان، رنگ و نسل سے بالاتر ہے۔
ولی عہد نے سعودی عرب کے عوام اور تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
گزشتہ روز سعودی حکام نے چاند نظر آنے کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب میں عید الفطر 21 اپریل بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔