اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جنوبی افریقہ نے سنچورین ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
جس کے بعد دوسری فائنلسٹ ٹیم کے لیے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔اتوار کے روز، جنوبی افریقہ نے دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی اور پہلی بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی جگہ بنائی۔ پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آغاز سے قبل جنوبی افریقہ کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے صرف ایک میچ جیتنا تھا۔
تاہم پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے نتیجے کا جنوبی افریقہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ پروٹیز پہلے ہی اگلے جون میں لارڈز میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ جنوبی افریقہ اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے، آسٹریلیا دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست کے بعد اب بھارت اور آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سخت مقابلے میں ہیں۔بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی کے تین میچ کھیلے جا چکے ہیں جبکہ چوتھا میچ میلبورن میں جاری ہے اور اس کا چار روزہ کھیل مکمل ہو چکا ہے۔. پیر کو میچ کا آخری دن ہوگا۔ایک ٹیسٹ ڈرا ہونے کے ساتھ سیریز اب تک ایک ایک سے برابر ہے۔بارڈرگواسکر ٹرافی میں ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کرنے والی ٹیمیں آسٹریلیا اور ہندوستان اگر WTC فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو مزید کوئی غلطی برداشت نہیں کر سکتے۔