اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔افغانستان کی بیٹنگ لائن جنوبی افریقہ کے باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی، جیت کے لیے صرف 57 رنز کا ہدف دیا، جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 8.4 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی پوری ٹیم 11.5 اوورز میں صرف 56 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں افغانستان کی بیٹنگ لائن اپ کو جنوبی افریقہ کے خلاف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کوئی بھی بلے باز جنوبی افریقی بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔
افغانستان کی جانب سے صرف عظمت اللہ عمرزئی 10 رنز بنا سکے، رحمان اللہ گرباز، محمد نبی اور نور احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔ابراہیم زدران 2، گلبدین نائب 9، ننگیالیہ کھروٹے 2، کریم جنت 8، راشد خان 8 اور نوین الحق نے 2 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3، 3 جب کہ ربادا اور اینریک نوکیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔افغانستان کے خلاف اننگز کا آغاز کرنے آئے جنوبی افریقی بلے باز کوئنٹن ڈی کاک 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔جنوبی افریقہ کے رضا ہینڈرکس نے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور کپتان ایڈرین مارکرم نے 23 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔افغانستان کی جانب سے اننگز کی واحد وکٹ فضل حق فاروقی نے حاصل کی۔ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل کے لیے ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان شام 7:30 بجے پروویڈنس میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا فائنل 29 جون بروز ہفتہ برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ سپر ایٹ مرحلے میں افغانستان نے ایونٹ کی خطرناک ٹیم کو اپ سیٹ کیا تھا۔اس کے بعد افغانستان کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
81