اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جنوبی افریقا کے مایہ ناز بلے باز ریسی وین ڈر ڈوسن نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
جس کے بعد کرکٹ حلقوں اور مداحوں میں ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ریسی وین ڈر ڈوسن نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اس اہم فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کے لمحات کو یادگار قرار دیا اور مداحوں، ساتھی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز رہا۔
دائیں ہاتھ کے اس مستحکم بلے باز نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 9 اکتوبر 2018 کو زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے کیا۔ اس کے بعد وہ جلد ہی ٹیم کے اہم ستون بن گئے اور تینوں فارمیٹس میں اپنی جگہ مستحکم کی۔اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 57 ٹی ٹوئنٹی، 71 ون ڈے اور 18 ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی۔ ان کا آخری بین الاقوامی میچ 16 اگست 2025 کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا گیا۔
ریسی وین ڈر ڈوسن اپنی مستقل مزاجی، دباؤ میں شاندار کارکردگی اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کے لیے جانے جاتے تھے۔ ان کے کیریئر کی سب سے یادگار اننگز 2023 کرکٹ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 133 رنز کی شاندار سنچری رہی، جسے شائقین کرکٹ طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔انہوں نے فرنچائز کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، خاص طور پر پاکستان سپر لیگ میں سنچری اسکور کر کے اپنی کلاس کا ثبوت دیا۔کرکٹ ماہرین کے مطابق وین ڈر ڈوسن کا شمار ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے مختصر وقت میں اپنی محنت، نظم و ضبط اور کارکردگی سے عالمی سطح پر پہچان بنائی۔ ان کی ریٹائرمنٹ جنوبی افریقی ٹیم کے لیے ایک بڑا خلا چھوڑے گی۔