اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ حکومت اور مرکزی بینک کے اہم اور سخت فیصلوں کے نتیجے میں ملکی معیشت بحالی کی جانب گامزن ہو چکی ہے۔
کراچی میں وی فنانس کوڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وی فنانس کوڈ کی تکمیل ایک اہم سنگِ میل ہے، اور پائیدار معیشت کے قیام کے لیے میکرو اکنامک استحکام بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان کو اقتصادی محاذ پر متعدد چیلنجز کا سامنا رہا، لیکن دانشمندانہ پالیسیوں اور مالیاتی نظم و ضبط کے باعث معیشت میں بہتری آئی ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ مہنگائی کی شرح اب کم ترین سطح پر ہے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے بجائے سرپلس میں آ چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا اور پائیدار ترقی کے راستے پر قائم رہنا ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔
"یہ وقت ہے کہ ہم موقع کا فائدہ اٹھا کر معیشت کو طویل مدتی استحکام کی طرف لے کر جائیں،” انہوں نے زور دیا۔