اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کے لیے بھی ایسی ہی ذہن سازی کی گئی، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور ہینڈلرز کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کو کچل دیا جائیگا
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھناؤنی، بدنیتی پر مبنی میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف سازشی ذہن اور عناصر ایک بار پھر سرگرم ہو گئے ہیں، گندا میڈیا ملک کے سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف سرگرم ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو اندرون اور بیرون ملک میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتی، یہ صرف ایک سازش ہے جس کا خاتمہ ہونا چاہیے
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ قوم اس گھناؤنی سازش کو اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش کو ناکام بنایا تھا، مایوس عناصر کو مایوسی سے ملک میں نیا بحران پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انشاء اللہ قوم اپنی فوج اور اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے۔