اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) یونیورسٹی میں کھلی جگہ پر نماز ادا کرنا بھی جرم بن گیا ، بھارت میں طالبعلم گرفتار
ایس ایچ او گنگا نگر انوپ سنگھ نے کہا کہ یونیورسٹی کیمپس میں نماز ادا کرنے پر ایک شہری کارتک ہندو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔بھارتی پولیس نے اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں ایک نجی یونیورسٹی کے اندر کھلی جگہ پر نماز ادا کرنے پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ پولیس نے اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں ایک نجی یونیورسٹی کی کھلی جگہ پر نماز ادا کرنے پر ایک طالب علم کو گرفتار کیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خالد پردھان (خالد میواتی) کو اس ہفتے اس وقت گرفتار کیا گیا جب ایک مقامی ہندو گروپ نے احتجاج کیا جب ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں طلباء کے ایک گروپ کو یونیورسٹی کیمپس میں ہولی کی تقریبات کے دوران نماز پڑھتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔نجی یونیورسٹی انتظامیہ نے اس معاملے پر خالد پردھان اور تین سیکورٹی اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر خالد پردھان کے خلاف انتظامی کارروائی کی گئی۔سرکل آفیسر صدر دیہات شیو پرتاپ سنگھ نے بھارتی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ آئی آئی ایم ٹی یونیورسٹی کے کیمپس میں نماز ادا کرتے ہوئے ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس کی بنیاد پر خالد پردھان کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔گنگا نگر پولیس اسٹیشن ایس ایچ او انوپ سنگھ نے کہا کہ ایک شہری کارتک ہندو کی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ بھارتیہ نیا سنہیتا (بی این ایس) کی دفعہ 299 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2008 کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں کسی گروہ کے مذہب یا مذہبی عقائد کی توہین کے لیے جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی کارروائی کی گئی ہے۔
اس سے قبل آئی آئی ایم ٹی یونیورسٹی کے ترجمان سنیل شرما نے کہا تھا کہ اندرونی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نماز کھلی جگہ پر ادا کی گئی تھی اور یہ ویڈیو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کے لیے اپ لوڈ کی گئی تھی۔ایک مقامی ہندو گروپ نے ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو گردش کرنے اور ہولی منانے کے وقت طلباء کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔واضح رہے کہ اس سال ہولی اور رمضان اتفاق سے ایک ساتھ منائے گئے اور رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کو ہولی منائی گئی اور مقامی رہنماؤں کے متعدد متنازعہ بیانات کی وجہ سے بعض جگہوں پر ماحول کشیدہ ہوگیا۔