اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق بند سڑکیں کھولنے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ سڑکوں کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ کے حکم کے تحت آئی جی خیبر پختونخوا نے سڑکیں کھولنے کے احکامات جاری کیے اور پولیس کو ہدایت کی گئی کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اب صوبے کے تمام اضلاع میں سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سڑک بند ہونے کی وجہ سے ایک خاتون کی جان جا چکی ہے اور اس کا مقدمہ درج کیا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ ایسی کوئی شکایت ابھی تک سامنے نہیں آئی، اگر آئندہ پیش ہوئی تو حکم دیا جائے گا۔
جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ پشاور میں ٹریفک کا نظام بہت خراب ہے، مختلف گروپس کبھی وکلا، کبھی تاجروں کی وجہ سے خیبر روڈ بند کر دیتے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ٹریفک ماسٹر پلان اور سیف سٹی پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔
فاضل جج نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں دی جائیں تو شہری قانون پر عمل کریں گے۔ رپورٹ جمع ہونے کے بعد عدالت نے سڑکوں کی بندش سے متعلق درخواست کو نمٹا دیا۔