اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خودکش حملے کے دوران پاک فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے سیکیورٹی اہلکاروں کے قریب اپنی گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔
دھماکے سے محکمہ پولیس خیبرپختونخوا کے کانسٹیبل حکیم جان اور ایک معصوم شہری بھی شہید ہوگئے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی سے بڑی تباہی سے بچا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے معصوم جانوں کو بچانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی ایسی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔