اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نیب ترامیم کے خلاف پی ٹی آئی چیئرمین کی درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو ‘ٹرپل ایس قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ٹرپل ایس فیصلہ سنا دیا، اس مختصر میٹھے اور سمارٹ فیصلے نے ملک کی سیاست میں بھونچال مچا دیا ہے جس کے اثرات 30 دسمبر تک نظر آئیں گے۔
جناب عمر عطاء بندیال نے جاتے جاتے ٹرپل ایس (SSS )فیصلہ سنایا ہے اس شارٹ سویٹ اور سمارٹ فیصلے سے پاکستان کی سیاست میں زلزلہ آگیا ہے جس کے اثرات 30 دسمبر تک اپنا اثر دیکھائیں گے کل ساری دنیا میں برکینگ نیوز تھی کہ پاکستان میں 2027 افراد کرپشن کے شکنجے میں دوبارہ آگئے ہیں 16 ماہ کی…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) September 16, 2023
انہوں نے کہا کہ کل پوری دنیا میں یہ بریکنگ نیوز تھی کہ پاکستان میں 2027 لوگ کرپشن کی زد میں آچکے ہیں، 16 ماہ کی پی ڈی ایم حکومت جس نے دن رات کام کیا ان کے کیسز خاک میں مل گئے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے بھی عوام کو اندھے کنویں میں دھکیل دیا اور وہ خود عوام کی بددعائوں میں آگئے
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تمام ریکارڈ اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے لوٹ مار کرنے والے ایک بار پھر عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئے، وہ نہ سیاست بچا سکے اور نہ ہی مقدمات سے نکل سکے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کا نام ریاست ہے، یہ ریاست بچانے نہیں بلکہ عوام کو تباہ و برباد کرنے آئے تھے اور اب غریب عوام پر پیٹرول بم گرا دیا گیا ہے، بجلی، پیٹرول، چینی اور آٹا غریبوں کا مسئلہ ہے ۔