148
اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سپریم کورٹ نے پروبیشن پر قیدیوں کی رہائی سے متعلق قوانین پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پروبیشن کے لیے اہل تمام افراد کی رہائی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ پروبیشن پر رہائی کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں، قیدیوں کو آزادی کے علاوہ تمام آئینی حقوق حاصل ہوں گے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے پانچ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی جیلوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، جیلوں میں قیدیوں کی بھرمار کے باعث آئینی حقوق کی فراہمی ناممکن ہو گئی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ جیلوں میں سہولیات کے فقدان کا شکار لوگوں کی اکثریت غریبوں کی ہے، ریاست غریب عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے میں کردار ادا نہیں کر رہی۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ فوجداری نظام طاقتور کے ذریعے کمزوروں کے استحصال اور انصاف کی فراہمی کی اجازت دیتا ہے۔ جیلوں کے ایسے حالات آئینی معاشرے میں ناقابل برداشت ہیں۔