اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) شام نے معزول صدر بشار الاسد کے حامیوں کے خلاف سینکڑوں ہلاکتوں کے بعد فوجی آپریشن ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
شام کی وزارت دفاع نے پیر کو معزول صدر بشار الاسد کی ملیشیاؤں کے خلاف آپریشن مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ترجمان نے کہا کہ اہم سرکاری تنصیبات، عمارتوں اور اہم شاہراہوں کو باغیوں کے کنٹرول سے آزاد کرایا گیا ہے۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب عبوری صدر احمد الشراء، جن کی تنظیم نے 8 دسمبر کو اسد کا تختہ الٹنے میں مرکزی کردار ادا کیا، نے کہا کہ ملک کو دوبارہ خانہ جنگی میں نہیں دھکیلا جائے گا۔یاد رہے کہ شام میں سکیورٹی فورسز اور سابق صدر بشار الاسد کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں میں گزشتہ چار دنوں میں 1300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔جھڑپیں جمعرات کو اس وقت شروع ہوئیں جب معزول صدر بشار الاسد کے وفادار مسلح افراد نے شامی سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا۔