اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارتی اداکار اور فلمی ناقد کمال راشد خان (کے آر کے) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026
کے سیمی فائنل اور فائنل سے متعلق متنازع بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے میچز کی قسمت پہلی ہی اننگز میں طے ہوچکی تھی اور باقی کھیل محض وقت کا ضیاع تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کے آر کے نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی مسلسل دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی)** اور ٹیم کو طنزیہ انداز میں مبارکباد دی۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دونوں سیمی فائنل اور بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل دراصل وقت کا ضیاع ثابت ہوئے، کیونکہ ان میچز کے نتائج پہلی ہی اننگز میں واضح ہوچکے تھے۔کے آر کے کا کہنا تھا کہ بھارت نے سیمی فائنل اور فائنل دونوں مقابلوں میں پہلی اننگز میں ہی اتنا بڑا اسکور بنا لیا تھا کہ مخالف ٹیموں کے لیے ہدف حاصل کرنا تقریباً ناممکن ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی میزبانی بھارت اور سری لنکا نے مشترکہ طور پر کی۔ تاہم پاکستان اور سری لنکا کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد دونوں سیمی فائنل اور فائنل میچ بھارت میں کھیلے گئے۔کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
دوسرا سیمی فائنل ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں بھارت نے انگلینڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 254 رنز کا ریکارڈ ساز ہدف دیا اور بعد ازاں میچ اپنے نام کر لیا۔
فائنل مقابلہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف 256 رنز کا بڑا ہدف مقرر کیا۔ جواب میں کیوی ٹیم بھارتی باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 159 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔اس طرح بھارت نے مسلسل دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اپنے نام کر لیا۔ تاہم کے آر کے کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آراء کا اظہار کیا جا رہا ہے۔