اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے عمران خان کو پانچ سال کے لیے نااہل قرار دینے کے نوٹیفکیشن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتی ہے اور اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن سیاست میں غیر فطری اور غیر قانونی مداخلت اور بند دروازوں کے پیچھے بنائے گئے منصوبوں کی علامت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عوام ایک متنازعہ مقدمے کے نتیجے میں جانبدارانہ فیصلے کی بنیاد پر "مائنس ون” فارمولے کو عجلت میں نافذ کرنے کی کوشش کو بھی مسترد کرتے ہیں۔
الیکشن کمیشن انتخابات ملتوی کرنے، جمہوریت کو پامال کرنے اور آئین سے انحراف کے منصوبے میں کلیدی سہولت کار ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا 4 اپریل کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے آئین سے کھیلنے کی کہانی سناتا ہے، وقت آگیا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل چیف الیکشن کمشنر کے خلاف زیر التوا ریفرنس کی سماعت کرے اور فیصلہ دے۔