اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے زمان پارک سے لکشمی چوک تک ریلی کے لیے مشروط اجازت نامہ جاری کر دیا۔
لاہور انتظامیہ نے جلسے کے اجازت نامے میں کہا ہے کہ عدلیہ اور اداروں کے خلاف تقاریر کی اجازت نہیں دی جائے گی، عوامی املاک کو نقصان پہنچا تو پی ٹی آئی انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔
ریلی کے دوران کاروباری مراکز بند نہیں ہونے دیں گے، کارکن لاٹھیاں اور اسلحہ ساتھ نہیں لائیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ مل سکی، پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق دفعہ 144 نافذ ہے، بغیر اجازت ریلی نکالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے نکلیں گے۔
واضح رہے کہ مرکزی ریلی کی قیادت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔