اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں طاقت اور دھاندلی سے عوامی مینڈیٹ چرایا الیکشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ پہلے الیکشن ملتوی کرنے کی کوشش کی گئی۔ سندھ میں بالآخر 15 جنوری کو انتخابات ہوئے، لیکن پھر مینڈیٹ چرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن والے دن صبح دھاندلی شروع ہو گئی۔ پی ٹی آئی رہنما امجد آفریدی نے ویڈیو میں بتایا کہ کس طرح 1000 ووٹ پولنگ سٹیشن پر لائے گئے۔ ویڈیو میں دھاندلی کرنے والوں کے بجائے امجد آفریدی کو گرفتار کر لیا گیا۔ امجد آفریدی پر تشدد کیا گیا اور ان کے بھائی کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن پہاڑوں میں نہیں یونین کونسل میں ہو رہے ہیں۔ انتخابی عملے پر دبا ئوڈالا گیا۔ الیکشن کمیشن اس سارے عمل میں بے بس نظر آرہا ہے۔ مینڈیٹ کی چوری کے خلاف عوام نے احتجاج کیا تو پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
اسد عمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بدترین دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر تشدد کیا گیا کراچی کے خلاف بہت خوفناک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ کراچی کو ہر طرح سے دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومت میں بھی کراچی کے عوام نے جن لوگوں کو ووٹ دیا تھا انہیں مینڈیٹ نہیں دیا گیا۔ جماعت اسلامی کی نشستیں بھی چھین لی گئیں۔ ۔ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔