اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)تحریک انصاف نے ہفتہ 28 ستمبر کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں سیاسی جلسے کے لیے این او سی کے لیے باضابطہ درخواست جمع کرادی۔
پی ٹی آئی کے ضلعی صدر چوہدری امیر افضل اور ضلعی سیکرٹری جنرل نے وکلاء کی ٹیم کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس میں درخواست جمع کرائی۔
درخواست میں کہا گیا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور پرامن جلسہ ہر سیاسی جماعت کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے تمام قواعد و ضوابط پر عمل کیا جائے گا لہذا این او سی جاری کیا جائے۔
تحریک انصاف نے راولپنڈی جلسے کے لیے لیاقت باغ اور بھاٹا چوک کے مقامات تجویز کیے ہیں۔ بھاٹا چوک راولپنڈی اسلام آباد کا وہ سنگم علاقہ ہے جہاں ہر سال قربانی کے جانوروں کی منڈی لگتی ہے۔
لیاقت باغ میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے پی ایچ اے نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاقت باغ اب مکمل تفریحی فیملی پارک بن چکا ہے، اس لیے جلسے سے پھول اور بینچ تباہ ہو جائیں گے جب کہ پارک کی بیوٹیفکیشن کے اقدامات بری طرح متاثر ہوں گے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے جلسے کے لیے محکمہ داخلہ سے رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
65