اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کوئی سیاسی جماعت نہیں، یہ تخریبی جماعت ہے، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
امن و امان سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ تحریک انصاف نہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے، ایف آئی آر کاٹی جائے، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے
شہباز شریف نے کہا کہ انہیں پاکستان کو تباہ نہیں کرنے دیں گے، کیا ہم نے پاکستان کو اس گروہ کے حوالے کرنا ہے؟ خیبرپختونخوا سے سازشیں ہو رہی ہیں، انہیں معیشت کی پرواہ نہیں، انہیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ پاکستان آئی ایم ایف کے طوق میں جکڑا ہوا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے، سب کچھ الٹا کر دیا جائے، صوبائی حکومت کی پارا چنار کی طرف کوئی توجہ نہیں، خونریزی روکنے کے بجائے اسلام آباد پر حملہ کر دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت کے خلاف یہ چوتھا حملہ ہے، خیبرپختونخوا سے ایک جماعت پوری طرح مسلح ہو کر آئی، مظاہرین نے گولیاں چلائیں، ان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سی پیک سے اربوں روپے چوری ہوئے سرمایہ کاری میں تاخیر ہوئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایس سی او کانفرنس کے دوران بھی احتجاج کیا، احتجاج کا اعلان بیلاروس کے صدر کے دورے کے دوران کیا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں جس طرح تذلیل کی گئی اسے بیان نہیں کیا جا سکتا، جو تماشہ لگایا گیا وہ بے مثال ہے، پاکستان سے اس سے بڑی دشمنی کیا ہو سکتی ہے۔