اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مغربی ممالک کے سفیروں سے مدد مانگ لی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ریلیف د لانے کے لیے غیر ملکی سفیروں سے رابطہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی، رؤف حسن اور سینیٹر علی ظفر نے مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کی پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات میں پاکستان میں امریکی سفیر، برطانوی ہائی کمشنر، کینیڈین ہائی کمشنر، یورپی یونین کے سفیر، ناروے اور انڈونیشیا کے سفیر موجود تھے۔ ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ناشتے میں ہونے والی ملاقات میں پی ٹی آئی قیادت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے معاملے پر غیر ملکی سفیروں سے مدد مانگی، سفارتکاروں کو چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھنے کے حالات پر بریفنگ دی گئی۔ پی ٹی آئی کی ٹیم نے امریکی سفیر سے سیفر ایشو اور پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف کیسز پر تبادلہ خیال کیا اور ملک کی سیاسی صورتحال اور انتخابات پر بھی بریفنگ دی۔
شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی تردید کی ہے تاہم رؤف حسن اور سینیٹر علی ظفر نے اس کی تصدیق کی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کے مطابق آسٹریلیا کے ہائی کمیشن نے ناشتے پر بلایا، ہم نے سفارتکاروں کو پاکستان کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔
سینیٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وہاں موجود سفیروں سے آئندہ انتخابات اور سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔