اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کو تاریخی قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ حکومت نے یہ قانون سازی 90 دن میں الیکشن کے حکم کے خلاف اپیل کی گنجائش پیدا کرنے کے لیے کی ہے۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئینی اسکیم میں تبدیلی کی کوششوں کے خلاف موثر قدم ہے، عدالت سے سزا یافتہ نواز شریف کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کیے گئے ریویو آف ججمنٹ اینڈ آرڈرز ایکٹ کو قانون سازی کے اختیارات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دے دیا تھا۔
جسٹس منیب اختر نے اضافی نوٹ میں لکھا کہ پارلیمنٹ کی قانون سازی اور سپریم کورٹ کے رولز بنانے کے اختیارات برابر ہیں، سادہ قانون سازی سپریم کورٹ کے رولز کو کالعدم نہیں کرسکتی، رولز میں تبدیلی عدلیہ کی آزادی کے خلاف ہے۔