اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے زمان پارک میں ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد اور چیئرمین تحریک انصاف کے درمیان زمان پارک میں ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں آئی ایم ایف معاہدے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جس کے بعد انٹرنیشنل فنانشل فنڈز کا وفد روانہ ہوگیا۔
پاکستان تحریک انصاف معاہدے کا خیرمقدم کرتی ہے،حماد اظہر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ترجمان حماد اظہر نے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ زمان پارک میں ہونے والی ملاقات میں آئی ایم ایف کے سربراہ پاکستان نیتھن پورٹر ویڈیو لنک کے ذریعے واشنگٹن کے ساتھ موجود تھے جب کہ پاکستان کے لیے نمائندہ ایستھر پیریز زمان پارک میں موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف حکام سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی جس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین شاہ محمود قریشی کے علاوہ شوکت ترین، عمر ایوب، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، شبلی فراز، حماد اظہر اور مزمل اسلم موجود تھے۔
حماد اظہار کا کہنا تھا کہ ملاقات میں آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان نو ماہ کے قلیل مدتی قرض کے معاہدے پر بات ہوئی جس میں پاکستان کو نو ماہ کے لیے تین ارب ڈالر دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مجموعی مقاصد اور کلیدی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کا خیرمقدم کرتی ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ ہم اس سال کے موسم خزاں میں ہونے والے قومی انتخابات اور نئی حکومت کی تشکیل تک معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، اور کم آمدنی والے طبقے کو مہنگائی سے بچانے کے پروگرام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی استحکام اور قانون کی حکمرانی کو پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے ضروری سمجھتی ہے۔