اردو ورلڈ کینیڈا ( و یب نیوز )پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں انتخابات کو فوری طور پر ناگزیر قرار دیتے ہوئے انتخابات کے انعقاد اور ملک بچانے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ انتخابات کو ملتوی کرنے کی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی چاہے کوئی بھی ماورائے آئین ہتھکنڈہ کیوں نہ ہو
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس ہوا، اراکین پنجاب اسمبلی، اراکین قومی اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں شفقت محمود، حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، فواد چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کرانے اور ملک بچانے کی مہم لاہور سے شروع کی جائے گی۔ مہم کا پہلا مرحلہ 7 دسمبر سے شروع ہو کر 17 دسمبر تک جاری رہے گا، مہم کے تحت لاہور میں گیارہ دنوں میں گیارہ جلسے کئے جائیں گے۔ .
اس حوالے سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حماد اظہر کے حلقے میں پہلا جلسہ 7 دسمبر کو کیا جائے گا، جلسوں میں مہنگائی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور گرتی ہوئی معیشت کے مسائل کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
اہم ترین اجلاس میں مرکزی و علاقائی رہنماؤں اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، اسمبلیوں کی تحلیل اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اہم ترین امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائدین اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے چیئرمین کے ایوانوں سے استعفوں کے اصولی اعلان، اسمبلیوں کی تحلیل کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس بات کو ناگزیر قرار دیا گیا کہ قومی انتخابات صاف اور شفاف طریقے سے کرائے جائیں۔