اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں کشیدگی کے بعد سکیورٹی فورسز نے شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور مختلف مقامات پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سپلائی بازار اور سی ایم ایچ کے سامنے احتجاج کرنے والوں کو منتشر کر دیا، جس کے بعد شہر میں بیشتر کاروباری مراکز بند ہو گئے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی۔
شہر میں داخلے کے تمام راستوں پر ناکے قائم کر دیے گئے ہیں اور سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کے مطابق 7 جون کو کالعدم تنظیم سے منسوب بعض مسلح عناصر نے راولاکوٹ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کی۔
ترجمان کے مطابق ان عناصر نے سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ بھی کیا جس کے باعث اسپتال کی طبی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، تاہم بعد ازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے محاصرہ ختم کرا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران شہریوں، مریضوں اور طبی عملے کے تحفظ کو ترجیح دی گئی اور اسپتال میں معمول کی خدمات بحال کر دی گئیں۔
ترجمان کے مطابق 6 جون سے جاری کشیدگی کے دوران فائرنگ کے واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چار اہلکار شہید ہوئے جن میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہیں، جبکہ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بعض مسلح افراد آپس کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ دنوں ایکشن کمیٹی سے منسلک تنظیم کو کالعدم قرار دیا گیا تھا، جبکہ اسی تناظر میں 9 جون کو ہڑتال کی کال بھی دی گئی تھی۔